لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مبینہ طور پر قتل میں سہولت کاری کرنے والی خاتون کو سیالکوٹ سے گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمہ کو سیالکوٹ سے لاہور منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران مبینہ طور پر انکشاف ہوا کہ ملزمہ نے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرکے اس سے مقتول کی نقل و حرکت اور دیگر معلومات حاصل کیں۔ذرائع کے مطابق گرفتار خاتون مبینہ شوٹر کی دوست ہے اور اس سے قبل بھی متعدد افراد کو ہنی ٹریپ کرنے میں ملوث رہی ہے۔ پولیس اس پہلو سمیت دیگر ممکنہ روابط کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ عبداللہ طاہر کو چند روز قبل لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے کیس میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے، جبکہ مرکزی ملزمان اور شوٹرز کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
