حکومت پنجاب نے بسنت 2027 کے لیے نئے کائٹ فلائنگ قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا ہے، جن پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات لازم قرار دیے گئے ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں تک محدود ہوگی، جہاں کم از کم ساڑھے تین فٹ اونچی چار دیواری ضروری ہوگی۔ بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے والدین کو سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بغیر نگرانی چھت کے کناروں کے قریب جانے پر پابندی ہوگی۔ چھتوں پر بھاگنے، کودنے، خطرناک انداز اپنانے اور گنجائش سے زیادہ افراد کے اجتماع پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مزید برآں، پتنگ بازی کے دوران شور شرابہ، ڈی جے سسٹمز اور ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کو جرم قرار دیا گیا ہے۔ ہر مقام پر فرسٹ ایڈ کٹ کی دستیابی لازمی ہوگی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ضوابط پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ بسنت خوشیوں کا تہوار ضرور ہے، مگر انسانی جانوں کی قیمت پر ہرگز نہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ ایک محفوظ اور ذمہ دار بسنت منائی جا سکے۔
