Baaghi TV

قانون ہاتھ میں لینے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا،محسن نقوی

چارسدہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورے کے موقع پر جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے، فورس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم قانون نے احتجاج کا طریقہ کار بھی متعین کر رکھا ہے۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں، لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہم ہے، جوانوں کو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کے لیے عالمی معیار کا سوئمنگ پول بھی تعمیر کیا جائے گا۔محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست ملک میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

More posts