Baaghi TV

کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، 18 کان کن جاں بحق

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں واقع کوئلے کی کان میں میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں پھنسنے والے کان کنوں میں سے اب تک 18 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ دیگر مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت کان میں مجموعی طور پر 42 مزدور کام کر رہے تھے۔ ریسکیو ٹیمیں انتہائی دشوار حالات کے باوجود متاثرہ کان میں پھنسے افراد تک رسائی کے لیے مسلسل امدادی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔صوبائی وزیر برائے مائنز اینڈ منرلز شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ حکومت جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک سانحات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

اس سے قبل کوئلہ کان کے مالک نے بتایا تھا کہ کان میں میتھین گیس بھر جانے کے باعث دھماکا ہوا۔ ان کے مطابق دھماکے کے وقت کان میں موجود تمام 42 مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ سے تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق باقی مزدوروں کی تلاش اور بحفاظت نکالنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔

More posts