Baaghi TV

رکن ممالک کے رابطہ افسران نے بحری دفاعی اتحاد میں شمولیت کے مراحل مکمل کرلیے: سعودی وزارتِ دفاع

ریاض: سعودی وزارت دفاع کے مطابق کثیر ملکی بحری دفاعی اتحاد میں شامل رکن ممالک کے رابطہ افسران نے اتحاد میں شمولیت کے لیے ضروری مراحل مکمل کرلیے ہیں، جس کے بعد اتحاد عملی آپریشنز اور مشترکہ دفاعی تعاون کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دیگر افسران کی تعیناتی بھی مقررہ تعداد کے مطابق مرحلہ وار مکمل کی جائے گی۔ اتحاد کی قیادت کے تعین، تنظیمی ڈھانچے، ہیڈکوارٹر اور آپریشنل نظام کی منظوری سمیت تمام اہم انتظامی مراحل مکمل کیے جاچکے ہیں۔

وزارت دفاع کے مطابق کثیر ملکی بحری دفاعی اتحاد کا مقصد مشترکہ بحری سلامتی کو فروغ دینا، آزادانہ بحری آمد و رفت کا تحفظ، عالمی تجارت اور سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانا اور رکن ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

سعودی وزارت دفاع کے مطابق اتحاد کے ذریعے رکن ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے، باہمی تعاون بڑھانے اور سمندری سلامتی سے متعلق مشترکہ اقدامات کو مؤثر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

More posts