اسلام آباد میں خاتون کی مدد کرتے ہوئے جان قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے متعدد ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو ایک خاتون کے ساتھ زبردستی کرتے دیکھا۔ بتایا گیا کہ موٹرسائیکل سوار خاتون کا ہاتھ کھینچ رہا تھا، جس پر گروپ کیپٹن عاصم بطور ذمہ دار شہری واپس آئے اور صورتحال جاننے کے لیے اپنی گاڑی روکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون موقع پا کر موٹرسائیکل سے اتر کر گروپ کیپٹن عاصم کی جانب آگئی، جس پر ملزم سعد عباسی نے ان سے تلخ کلامی شروع کر دی۔ کچھ ہی دیر بعد ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ ملزم اس کا دفتر میں ساتھ کام کرنے والا ساتھی تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی تھی، لیکن بعد میں راستہ تبدیل کر کے کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی۔ خاتون کے مطابق اس نے مزاحمت کی، جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔ اسی دوران گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے اسے محفوظ بنایا۔
انسپکٹر جنرل اسلام آباد علی ناصر رضوی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ انتہائی حساس اور چیلنجنگ کیس تھا۔ ان کے مطابق واقعہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر پیش آیا اور حاضر سروس فضائیہ کے افسر کی شہادت نے پورے ملک کو غمزدہ کر دیا۔
آئی جی نے بتایا کہ ملزم اور خاتون دونوں کھنہ کے علاقے میں رہتے تھے اور ایک ہی دفتر میں کام کرتے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم خاتون کو پارک لے جانا چاہتا تھا، لیکن انکار پر دونوں کے درمیان تنازع پیدا ہوا۔ گروپ کیپٹن عاصم نے معاملہ سلجھانے کی کوشش کی، تاہم ملزم کچھ فاصلے پر جا کر واپس آیا، یوٹرن لیا اور ان پر فائرنگ کر کے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے 11 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ملزم کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے اور اسے واقعے کے 9 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار
