Baaghi TV

طالبان نے افغان عوام کو دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے لیے قربان کر دیا ،احمد مسعود

افغانستان کے معروف مزاحمتی رہنما اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان نے افغانستان کے عوام کو دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے لیے قربان کر دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو افغانستان کی اسلامی وحدت پارٹی کے سابق رہنما عبدالعلی مزاری کی شہادت کی 31ویں برسی کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔تقریب سے خطاب میں احمد مسعود نے کہا کہ طالبان کی موجودہ پالیسیوں کے باعث افغانستان ایک بار پھر خطے میں سلامتی اور جیوپولیٹیکل کھیل کا میدان بن چکا ہے۔ طالبان مختلف شدت پسند تنظیموں کو پناہ دے رہے ہیں جس سے نہ صرف افغانستان بلکہ پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ طالبان نے متعدد بین الاقوامی اور علاقائی عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رکھی ہیں جن میں القاعدہ، انصاراللہ، جیش العدل، ٹی ٹی پی سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔

نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کے سربراہ کے مطابق طالبان کی ان پالیسیوں نے افغانستان کو ایک ایسے میدان میں تبدیل کر دیا ہے جہاں مختلف طاقتیں اپنے مفادات کے تحت سلامتی اور سیاسی کھیل کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان افغان عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

احمد مسعود نے اپنے خطاب میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پر عسکریت پسند گروہوں کی موجودگی کے باعث پاکستان کی فوجی کارروائیاں اور سرحدی حملے سامنے آئے ہیں،موجودہ کشیدہ صورتحال دراصل طالبان کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کا نتیجہ ہے

More posts