مکہ مکرمہ: خانۂ کعبہ کا نیا غلاف یکم محرم الحرام کو روایتی تقریب کے دوران تبدیل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں خادم الحرمین الشریفین کی نیابت میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں نیا غلافِ کعبہ کلید بردارِ کعبہ کے حوالے کر دیا گیا۔
تقریب میں متعلقہ حکام اور ذمہ دار شخصیات نے شرکت کی، جہاں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے سالانہ انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ نیا غلاف حسبِ روایت یکم محرم الحرام کو خانۂ کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق غلافِ کعبہ کی تبدیلی ایک روح پرور اور باوقار مذہبی روایت ہے، جس کا اہتمام ہر سال نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں غلاف کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ غلافِ کعبہ اعلیٰ معیار کے سیاہ ریشم سے تیار کیا جاتا ہے جس پر سونے اور چاندی کے تاروں سے قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کی جاتی ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت روایت کو نہایت عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
