Baaghi TV

پرچے میں صفر نمبر،طالب علم بورڈ کے خلاف عدالت پہنچ گیا

matric

پشاور: پرچے میں صفر نمبر دیے جانے پر نویں جماعت کا طالب علم بورڈ کے خلاف عدالت پہنچ گیا۔

پشاورہائیکورٹ میں نویں جماعت کے طالب علم عبدالمعیز خان کو بیالوجی پرچے کی تھیوری میں صفر نمبر دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس اعجاز انور اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات پشاور بورڈ کو طالب علم کا پرچہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ طالب علم نے نویں جماعت کے پرچوں میں اے ون گریڈ حاصل کیا ہے انہوں نے بتایا کہ بیالوجی کے ایم ایس کیوز اور پریکٹیکل میں طالب علم نے 25 میں سے 23 نمبر حاصل کیے، تاہم بیالوجی تھیوری میں اسے صفر نمبر دیے گئے طالب علم نے ری چیکنگ کے لیےدرخواست دی اور بورڈ سےپرچہ دکھانے کا بھی مطالبہ کیا، تاہم بورڈ نے کہا کہ اس سال ابھی تک کسی کو پرچہ دکھانے کے حوالے سے کوئی رولز نہیں بنائے گئے۔

وکیل نے کہا کہ ان کا بیٹا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نیسٹ) میں پڑھتا ہے، جہاں چیکنگ کے بعد طالب علم کو پرچہ دکھایا جاتا ہے تاکہ وہ اسے دیکھ سکے، عدالت نے کہا کہ بیرون ملک بھی ایسا ہی ہوتا ہے اور چیکنگ کے بعد طالب علم کو پرچہ دکھایا جاتا ہےعدالت ایجوکیشن بورڈ سے پرچہ منگوا لے، عدالت خود دیکھ لے، اس کے بعد وہ بھی مطمئن ہوں گے-

عدالت نے کہا کہ کنٹرولر آف امتحانات پشاور بورڈ کو پرچہ لانے کا حکم دیتے ہیں، اسے دیکھ لیا جائے گا بعد ازاں عدالت نے کنٹرولر امتحانات پشاور بورڈ کو آئندہ سماعت پر درخواست گزار طالب علم عبدالمعیز خان کا بیالوجی کا پرچہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

More posts