Baaghi TV

امریکی حکومت نااہل ترین لوگوں کے ہاتھ میں ہے، جارج کلونی کی ٹرمپ پر تنقید

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جارج کلونی نے وینس فلم فیسٹیول کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس وقت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو حکومت چلانے کیلئے سب سے کم اہل ہیں۔

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار کو وینس فلم فیسٹیول میں فلمی دنیا میں طویل خدمات کے اعتراف میں گولڈن لائن فار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا،اس دوران امریکا کی موجودہ صورتحال سے متعلق سوال پر جارج کلونی نے کہا کہ ملک اس وقت ایک افسوسناک دور سے گزر رہا ہے۔

امریکی حکومت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کلونی نے کہا کہ انہیں موجودہ صورتحال پر ’شرمندگی‘ محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے سیاسی اصطلاح ’کاکسٹو کریسی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مراد ایسا نظام حکومت ہے جو ’کم ترین اہلیت رکھنے والے لوگوں‘ کے ہاتھ میں ہو، اور شاید اس وقت امریکا بھی اسی کیفیت سے گزر رہا ہے، تاہم ’ہم اس دور سے نکل جائیں گے‘۔

معروف ہالی وڈ اداکار جارج کلونی نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں امریکا اپنی تاریخ کے ایک ’بدقسمت وقت‘ سے گزر رہا ہے، جہاں حکومت ان کے بقول ’کم ترین اہلیت رکھنے والے لوگوں‘ کے ہاتھ میں ہے 65 سالہ اداکار نے تاہم امید ظاہر کی کہ امریکا اس مشکل دور سے نکل آئے گا۔

کلونی نے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کو حکومت کے لیے ’چیک اینڈ بیلنس‘ کا ذریعہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ 2028 تک ملک میں کسی حد تک معمول کی صورتحال بحال ہو سکتی ہے۔ خود کو پُرامید شخص قرار دیتے ہوئے انہوں نے 1968 کے پُرتشدد دور کو یاد کیا، جب امریکا کے کئی شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور بوبی کینیڈی ایک ہی سال قتل ہوئے اور امریکی کیپیٹل کے گرد ٹینک تعینات کیے گئے تھے۔

More posts