Baaghi TV


سوات میں جھیل کے درمیان ویڈیو بنانا سیاحوں کو مہنگا پڑ گیا

‎سوات کی نصراللہ جھیل میں ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران سیاحوں کی گاڑی جھیل کے پانی میں پھنس گئی، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار تینوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے سیاحوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی۔
‎اسسٹنٹ کمشنر بحرین کے مطابق تینوں سیاحوں کو حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں مقررہ جرمانہ ادا کرنے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ حکام نے کہا کہ قدرتی مقامات پر سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
‎انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز یا تصاویر بنانے کی خاطر اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ جھیلوں، دریاؤں اور دیگر حساس مقامات پر غیر ذمہ دارانہ سرگرمیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔
‎دوسری جانب کالام کی سیف اللہ جھیل میں پانچ روز قبل پیش آنے والے کشتی حادثے میں لاپتا لڑکی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن آج بھی جاری رہا۔ ریسکیو ٹیمیں جدید آلات اور غوطہ خوروں کی مدد سے مسلسل تلاش میں مصروف ہیں، تاہم تاحال لاپتا لڑکی کا سراغ نہیں مل سکا۔
‎یاد رہے کہ سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے کے افسوسناک حادثے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے نو افراد سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔ ایک لڑکی تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو ادارے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
‎ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تفریحی مقامات پر جاری حفاظتی اصولوں پر عمل کریں، غیر محفوظ مقامات پر جانے سے گریز کریں اور ریسکیو و انتظامی اہلکاروں کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

More posts