بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں 4 افراد کو ہلاک کرنے والی شیرنی پکڑے جانے کے بعد وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر منتقلی کے دوران ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے اضلاع امراوتی اور وردھا میں ایک شیرنی نے گزشتہ کچھ عرصے سے خوف و ہراس پھیلا رکھا تھا۔ شیرنی نے مویشیوں پر حملوں کے علاوہ 4 افراد کو بھی حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا، جس کے بعد مقامی آبادی میں تشویش پائی جارہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق محکمہ جنگلات نے شیرنی کو پکڑنے کے لیے کارروائی شروع کی اور بالآخر اسے قصبے کے قریب بے ہوش کرکے قابو کرلیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ شیرنی کو بے ہوش کرنے کے بعد ناگپور میں واقع وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ ہلاک ہوگئی۔
ریسکیو ٹیم نے شیرنی کو ہوش میں لانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم تمام کوششیں ناکام رہیں۔ حکام کے مطابق شیرنی کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔
