Baaghi TV

ٹرمپ نےجنگ بندی غیرمعینہ مدت کیلئے نہیں 3 سے 5 دن کیلئے کی ہے: وائٹ ہاؤس

امریکی میڈیا نے وائٹ ہاؤس حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ کی گئی جنگ بندی غیر معینہ مدت کے لیے نہیں بلکہ صرف 3 سے 5 دن کے محدود عرصے کے لیے ہے۔ اس پیش رفت نے خطے میں جاری کشیدگی اور سفارتی سرگرمیوں کو ایک نئی سمت دے دی ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ایران کو ایک محدود وقت دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی تجاویز پیش کرے اور مذاکراتی عمل کو تیز کیا جا سکے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ مختصر ڈیڈ لائن کا دباؤ ایران کو جلد مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کرے گا۔
‎امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس طویل جنگ بندی کے حق میں نہیں ہے اور نہیں چاہتا کہ ایران کو مزید وقت دیا جائے۔ حکام کا خیال ہے کہ اگر جنگ بندی کو غیر معینہ مدت تک بڑھایا گیا تو ایران مذاکرات میں تاخیر کر سکتا ہے، جس سے سفارتی عمل متاثر ہوگا۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکمت عملی کے تحت ایک طرف محدود جنگ بندی رکھی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب دباؤ برقرار رکھنے کے لیے دیگر اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں آبنائے ہرمز کی صورتحال کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ایران پر دباؤ بڑھانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
‎تاہم امریکی صدر ٹرمپ اس بات سے بھی آگاہ ہیں کہ طویل عرصے تک کشیدگی یا ناکہ بندی عالمی معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، اسی لیے وہ جلد از جلد کسی معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔
‎یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قیادت، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران پر حملے روکنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ جنگ بندی اس وقت تک برقرار رکھی جائے گی جب تک مذاکراتی عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔

More posts