برطانیہ میں اپنی اہلیہ اور دو کمسن بیٹیوں کے مبینہ قتل کے الزام میں مطلوب شخص کی شناخت پولیس نے ظاہر کر دی ہے۔ حکام کے مطابق 45 سالہ نڈودانا مخانیسی تشوما، جو مارک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، واردات کے بعد برطانیہ چھوڑ کر فرار ہو چکا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
بیڈفورڈ شائر پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کا تعلق بیڈفورڈ سے ہے اور وہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے خاندان کا برطانوی شہری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ گزشتہ ہفتے ہفتے کے روز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے زمبابوے روانہ ہوا، جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ قتل کا واقعہ اس کی روانگی سے پہلے پیش آیا۔
پولیس کے مطابق پیر کے روز گریٹ ڈینہم کے ایک گھر سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ اہلکار کئی روز تک متاثرہ خاندان سے رابطہ نہ ہونے پر گھر میں داخل ہوئے، جہاں انہیں خاتون اور دو بچیوں کی لاشیں ملیں۔
پولیس نے مقتولین کی شناخت 42 سالہ نوتھابو زینڈائل تشوما، جنہیں زینڈائل کے نام سے جانا جاتا تھا، ان کی 15 سالہ بیٹی نیٹلی اور 5 سالہ بیٹی نالا کے طور پر کی ہے۔ تینوں کی ہلاکت نے مقامی آبادی کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفتیشی افسر ڈیٹیکٹو انسپکٹر لی مارٹن نے مشتبہ شخص سے اپیل کی ہے کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کر دے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس مقدمے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
برطانوی پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کو مشتبہ ملزم کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کرے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
برطانیہ: بیوی اور دو بیٹیوں کے قتل کے شبہے میں مطلوب شخص کی شناخت سامنے آگئی
