لاڑکانہ کے علاقے سر کٹیو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مطلوب ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت رفیق چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پر شدید فائرنگ کی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں رفیق چانڈیو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا، جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق رفیق چانڈیو چند ہفتے قبل پیش آنے والے اس حملے میں بھی ملوث تھا، جس میں پولیس اہلکار مجیب الرحمان شہید جبکہ ایک اور اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے وہ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے خلاف ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج تھے اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
لاڑکانہ: مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
