پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔
میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48ویں اوور میں 274 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 46 گیندوں پر 75 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز اسکور کیے جبکہ محمد رضوان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے دوران بارش کے باعث کھیل متاثر ہوا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 24ویں اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ توحید نے 28 اور سیف حسن نے 12 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کامیابی کے بعد تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔ پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی
