Baaghi TV

صدر، وزیراعظم کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

Asif Zardari Shehbaz Sharif

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ نکبہ کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت، آزادی اور وقار کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں،1948 کے المناک واقعات کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں اور زمینوں سے بے دخل ہوئے، اور آج بھی وہ مسلسل مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، نکبہ فلسطینی عوام کے لیے محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک جاری حقیقت ہے، جو قبضے، محرومی اور بنیادی حقوق سے انکار کی صورت میں آج بھی موجود ہے۔

انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی مہاجرین کی مسلسل حمایت یقینی بنائے اور قرارداد 194 کے تحت ان کے حقِ واپسی کو عملی شکل دی جائے،جبکہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور اسرائیلی اقدامات کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو صدر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی نکبہ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے جاری ظلم، قبضے اور تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے، وزیرا عظم نے 1948 سے جاری فلسطینیوں کی بے دخلی اور مسلسل مشکلات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس غمگین موقع پر اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنو ں کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا-

More posts