پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز خریداری کا رجحان برقرار رہا، جس کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے جلد ختم ہونے کے بیان کو قرار دیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ کے آغاز میں ہی بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،صبح ایک موقع پر انڈیکس 163,459.05 کی سطح پر تھا، جو 562.37 پوائنٹس یعنی 0.35 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور پاور جنریشن سیکٹرز میں خریداری دیکھی گئی۔ بڑے انڈیکس شیئرز جیسے حبکو، ماری، پی پی ایل، ایف ایف سی اور ایفرٹ بھی مثبت زون میں ٹریڈ ہوتے رہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مضبوط ریکوری دکھائی تھی، جب امریکہ اور ایران مذاکرات سے متعلق جغرافیائی سیاسی خدشات میں کمی اور عالمی تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا اس روز کے ایس ای-100 انڈیکس 1,091.66 پوائنٹس یا 0.67 فیصد اضافے کے ساتھ 162,896.68 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
