Baaghi TV

گوگل نے نئے اے آئی ٹولز اور اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے

Google

‎گوگل نے اپنی سالانہ آئی او ڈویلپر کانفرنس کے دوران مصنوعی ذہانت پر مبنی متعدد نئے ٹولز، ماڈلز اور اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے ہیں۔
‎19 مئی سے شروع ہونے والی اس کانفرنس میں کمپنی نے واضح کیا کہ اس کا بنیادی مقصد اے آئی ٹیکنالوجی کو ہر صارف کیلئے زیادہ مفید، تیز اور قابل رسائی بنانا ہے۔
گوگل کی جانب سے پیش کیے گئے اہم اعلانات میں نئے جیمنائی ماڈلز، اے آئی سرچ انجن، اسمارٹ گلاسز اور ڈیجیٹل اسسٹنٹس شامل ہیں۔
‎گوگل نے “جیمنائی اومنی” نامی نیا ماڈل متعارف کرایا ہے جو ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز کو ملا کر ہائی کوالٹی میڈیا مواد تیار کر سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ماڈل سب سے پہلے جیمنائی ایپ، فلو اور یوٹیوب میں شامل کیا جائے گا۔
‎گوگل نے دعویٰ کیا ہے کہ “جیمنائی 3.5 فلیش” اب تک کا سب سے طاقتور اور تیز رفتار کوڈنگ اور اے آئی ایجنٹک ماڈل ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ وہ کام چند لمحوں میں مکمل کر سکتا ہے جن کیلئے پہلے کئی دن یا ہفتے درکار ہوتے تھے۔
‎گوگل نے اپنے سرچ انجن کو گزشتہ 25 برس کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ قرار دیا ہے۔
نئے اے آئی سرچ باکس کے ذریعے صارفین ٹیکسٹ، تصاویر، ویڈیوز، فائلز اور یہاں تک کہ کروم ٹیبز کے ذریعے بھی زیادہ ذہین انداز میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔
‎گوگل نے نئے اے آئی اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے ہیں جو اینڈرائیڈ ایکس آر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوں گے۔
یہ گلاسز صارف کے کان میں خاموشی سے معلومات فراہم کریں گے جبکہ موسیقی سننے، تصاویر لینے، کالز کرنے اور فون ایپس استعمال کرنے میں مدد دیں گے۔
‎گوگل نے “ڈیلی بریف” اور “جیمنائی اسپارک” نامی نئے اے آئی اسسٹنٹس بھی متعارف کرائے ہیں۔
یہ ٹولز صارفین کی ڈیجیٹل زندگی کو منظم کرنے، مشورے دینے اور آن لائن مختلف کام خودکار طریقے سے انجام دینے میں مدد فراہم کریں گے۔
‎جیمنائی ایپ کے انٹرفیس کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جس میں نئی اینیمیشنز، بہتر رنگ، جدید ٹائپوگرافی اور مزید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
‎گوگل کے مطابق یہ تمام نئے فیچرز اور ٹولز مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کیلئے متعارف کرائے جائیں گے۔

More posts