Baaghi TV


اداکارہ مومنہ اقبال نے حمزہ حبیب سے نکاح کرلیا

momina iqbal

‎پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے حمزہ حبیب کے ساتھ نکاح کر لیا ہے، جس کی تصدیق خود حمزہ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
‎لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر حمزہ حبیب نے کہا کہ وہ مومنہ اقبال کے صرف منگیتر نہیں بلکہ شوہر بن چکے ہیں کیونکہ ان کا نکاح دو روز قبل انجام پا چکا ہے۔
‎حمزہ حبیب نے گفتگو کے دوران کہا کہ “الحمدللہ مومنہ اقبال اب میری قانونی بیوی ہیں”۔
‎دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ حبیب کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق جھنگ پولیس نے حمزہ حبیب کے خلاف ثاقب چڈھر نامی شخص کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
‎عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے مقدمے کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ ثاقب چڈھر نے مقدمہ درج کروانے سے پہلے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
‎حمزہ حبیب نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں مومنہ اقبال سے علیحدگی اختیار کرنے کے بدلے مالی لالچ بھی دی گئی۔
‎انہوں نے کہا کہ “مجھے کہا گیا کہ مومنہ اقبال سے پیچھے ہٹ جاؤ، تمہیں بہت دولت دی جائے گی”۔
‎یاد رہے کہ مومنہ اقبال حالیہ دنوں ذاتی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

More posts