پنجاب پولیس کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی-
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں 37 ہزار 868 مجالس منعقد، 09 ہزار 412 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے مجالس سکیورٹی پر 41 ہزار 200 سے زائد، عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 73 ہزار 400 سےزائد افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گےصوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں کے روٹس ، مجالس سمیت اہم و حساس مقامات کے اطراف 9 ہزار 500 سے زائد اہلکار موثر پٹرولنگ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی انتظامات میں ڈیوٹی انجام دیں گے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے جلوس اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام،کمیونٹی لیڈرز محرم الحرام میں امن اور افہام و تفہیم یقینی بنائیں، ملک دشمن عناصر کی نفاق پھیلانے، امن متاثر کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو بین المسالک ہم آ ہنگی سے ناکام بنائیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ امن کمیٹیوں، مجالس و عزاداری جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل کوآرڈینیشن سے تمام مسائل قبل از وقت حل کر یں، لاہور سمیت تمام اضلاع میں طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ عزاداری جلوس، مجالس کی اجازت نہیں ہوگی دفعہ 144، لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت کے خطرے کے پیشِ نظر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا، بزرگ شہریوں،خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز محرم سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے تمام اضلاع میں محرم کنٹر و ل رومز فعال، سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے 24 گھنٹے رابطہ میں ہوں گے۔
