وزیراعظم نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد کا ایک سال میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ جانا ایک اہم کامیابی ہے، جبکہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو کیش لیس معیشت کے فروغ میں مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس میں گزشتہ سال کے دوران ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات مثبت نتائج د ے رہے ہیں۔
انہوں نے ایک سال کے دوران کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں 300 فیصد اضافے پر معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد کا ایک سال میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ جانا ایک اہم کامیابی ہے، جبکہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو کیش لیس معیشت کے فروغ میں مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے بیرونِ ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت بھی جاری کی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے سہل قرار دیتے ہوئے سراہا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے مرچنٹس کی تعداد 300 فیصد اضافے کے بعد 20 لاکھ 3 ہزار ہو چکی ہے، جبکہ نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ہو چکی ہیں اور نقد ادائیگیوں کا تناسب 71 فیصد سے کم ہو کر صرف ایک فیصد رہ گیا ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک کروڑ مستحقین کو تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جبکہ ملک میں موبائل بینکنگ ایپ استعما ل کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جبکہ گزشتہ سال بیرونِ ملک سے آنے والی 92 فیصد ترسیلاتِ زر ڈیجیٹل ذرائع سے موصول ہوئیں کیش لیس معیشت کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل جاری ہے اور اس کی حتمی رپورٹ سفارشات سمیت نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی، جبکہ پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن نے بھی رکن بینکوں کو راست (RAAST) سمیت ڈیجیٹل اد ا ئیگیوں کے فروغ کے لیے اہداف دے دیے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
