Baaghi TV

وزیراعظم کا آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اطمینان

‎وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں آئی ٹی سیکٹر کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی ڈیجیٹل معیشت، آئی ٹی برآمدات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
‎اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ بڑھ کر 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئی ٹی تربیتی پروگراموں کی معتبر تیسرے فریق سے تصدیق کرائی جائے، ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے اور تربیت کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
‎اجلاس کو بتایا گیا کہ جون 2025 میں 274 میگا ہرٹز کے مقابلے میں جون 2026 تک موبائل اسپیکٹرم 880 میگا ہرٹز تک بڑھ چکا ہے، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں "کنیکٹ پاکستان وژن 2030” پر عمل درآمد کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
‎بریفنگ میں بتایا گیا کہ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی شرح 2024 کے 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 72 فیصد ہو گئی ہے۔ اسی عرصے میں 51 لاکھ گھروںکو فکسڈ براڈبینڈ اور فائبر کنیکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔
‎حکام کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران فری لانسرز نے آئی ٹی برآمدات میں 1.164 ارب ڈالر کا حصہ ڈالا۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستانپروگرام کے تحت 130 سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنایا جا چکا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں 9 لاکھ 42 ہزار 646 تربیتی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جن میں 5 ہزار 53 ہائی اینڈ اور 2 ہزار 700 لیڈرشپ و سافٹ اسکلز ٹریننگ پروگرام شامل تھے۔
‎اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ چینی کمپنی علی باباکے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی حکومت کی متعدد وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی منصوبوں اور تربیتی پروگراموں پر کام جاری ہے۔

More posts