Baaghi TV

یمنی حوثی باغیوں کا باب المندب میں بحری جہاز پر حملہ، 2 پاکستانیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

ye

یمن کے قریب بحیرہ احمر کے بحری راستے پر آبنائے باب المندب میں حوثی باغیوں نے سعودی آئل ٹینکر پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 2 پاکستانیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

یمن کے سرکاری میڈیا کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز کے نام، اس کی ملکیت اور سفر کی منزل کے بارے میں بھی تاحال معلومات فراہم نہیں کی گئیں،حوثی گروپ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری یا حملے کی نوعیت کے حوالے سے بھی فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

آبنائے باب المندب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کو ملانے والی اہم بحری گزرگاہ ہے۔ ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے لیے اس راستے کو خاص اہمیت حاصل ہے، اسی وجہ سے یہاں پیش آنے والا کوئی بھی سیکیورٹی واقعہ عالمی بحری تجارت کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔

یمن میں جاری کشیدگی کے باعث باب المندب اور بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی سلامتی ایک عرصے سے عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ حالیہ واقعے کے بعد بھی علاقے میں بحری جہازوں کی آمدورفت اور عملے کی حفاظت کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں،باب المندب 20 میل چوڑی اور 70 میل لمبی آبنائے ہے جو بحیرہ عرب سے افریقی سمندروں تک پھیلی ہوئی ہے اسی آبنائے کے راستے عرب دنیا افریقہ تک پہنچتی ہے۔ باب المندب کے راستے دنیا کی تجارت کا 12 فیصد ممکن ہوتا ہے۔

More posts