حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں آئندہ تین روز تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق یومِ آزادی کی سرکاری تعطیل کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نیا جائزہ جاری نہیں کیا گیا، جس کے بعد ویک اینڈ کے دوران موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں پیر 17 اگست تک موجودہ سطح پر برقرار رہیں گی، جبکہ قیمتوں پر دوبارہ نظرثانی 18 اگست کو کی جائے گی-
اس سے قبل 14 اگست کے لیے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 45 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 16 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد ملک میں پیٹرول 325 روپے 43 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ 20 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 مرتبہ کمی جبکہ 8 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 6 مرتبہ کمی ہوئی، جب کہ 11 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
