Baaghi TV

ٹرمپ سی این این کی صحافی پر برس پڑے، ’فیک رپورٹر‘ قرار دے دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سی این این کی صحافی کرسٹن ہومز کے سوالات پر برہم ہوگئے اور انہیں ’’شور مچانے والی‘‘ اور ’’فیک نیوز‘‘ پھیلانے والی رپورٹر قرار دے دیا۔

رپورٹس کے مطابق صحافی نے صدر ٹرمپ سے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے ساتھ امریکی فوجی مشقوں میں کمی سے متعلق سوالات کیے تو ٹرمپ نے انہیں خاموش رہنے کا کہا اور ان کے سوالات کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی۔ٹرمپ نے صحافی کو ’’بے ادب‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل شور کر رہی ہیں اور جعلی خبریں دیتی ہیں۔ یہ واقعہ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پیش آیا۔اس دوران امریکی صدر نے یو ایس ایس ابراہم لنکن سے متعلق سی این این کی رپورٹنگ پر بھی تنقید کی۔ ٹرمپ نے طویل عرصے سے سمندر میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پر خوراک اور دیگر سہولیات کی کمی کی رپورٹس کو ’’فیک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاز پر سب کچھ ٹھیک ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن کی طویل تعیناتی اور جہاز پر موجود اہلکاروں کے حالات سے متعلق رپورٹس پر پہلے ہی سیاسی اور عوامی بحث جاری ہے۔

More posts