Baaghi TV

اسلام آباد کے فائیو اسٹار میریٹ ہوٹل میں فائر سیفٹی انتظامات نامکمل، سی ڈی اے کا نوٹس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف فائیو اسٹار ہوٹل میریٹ میں فائر اور لائف سیفٹی کے انتظامات مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ڈائریکٹوریٹ آف ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ہوٹل انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیا۔

نوٹس کے مطابق یہ نوٹس عمارت کے مالک حسن ہاشوانی کے نام جاری کیا گیا ہے، جس میں میریٹ ہوٹل میں فائر سیفٹی سے متعلق مطلوبہ انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹس میں فائر سیفٹی پلان اور متعلقہ سرٹیفکیٹ کی منظوری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فائر سیفٹی آلات کی مکمل تنصیب اور ان کی باقاعدہ ٹیسٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سی ڈی اے کی جانب سے ہوٹل میں فائر الارم سسٹم، خودکار فائر ڈٹیکشن اور دیگر حفاظتی انتظامات، مناسب پانی کے ذخیرے، بجلی کی وائرنگ کو معیاری بنانے، ہنگامی اخراج کے راستوں اور سیڑھیوں کو محفوظ و قابلِ استعمال رکھنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ایمرجنسی اخراج کے راستے کھلے رکھے جائیں، دھویں کے اخراج کا مناسب انتظام کیا جائے اور فائر سیفٹی سے متعلق ہدایات و معلومات نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائیں۔سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں مطلوبہ فائر اور لائف سیفٹی انتظامات مکمل نہ کیے گئے تو متعلقہ قوانین کے تحت پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، جبکہ عمارت کو سیل کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔نوٹس کے مطابق جرمانہ بروقت جمع نہ کرانے کی صورت میں روزانہ 3 ہزار روپے اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔سی ڈی اے نے ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام مطلوبہ دستاویزات اور فائر سیفٹی پلان متعلقہ دفتر میں جمع کرائے جائیں اور حفاظتی انتظامات مکمل ہونے کے بعد ادارے کی جانب سے ٹیسٹنگ و انسپیکشن کی جائے گی، جس کے بعد تکمیلی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

More posts