منی پور کے تھوبل ضلع میں کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی کیشم میگھاچندر سنگھ کے گھر کے قریب بم دھماکے کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکہ 3 ستمبر کی رات تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر یاریپوک کے علاقے میں ہوا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم شخص نے کانگریس رہنما کی رہائش گاہ پر دھماکہ خیز مواد پھینکا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔کیشم میگھاچندر سنگھ اس سے قبل منی پور کانگریس کے صدر رہ چکے ہیں، جبکہ حال ہی میں کانگریس نے تین مرتبہ وزیر اعلیٰ رہنے والے اوکرام ایبوبی سنگھ کو ریاستی کانگریس کا صدر مقرر کیا۔ میگھاچندر سنگھ کو کانگریس لیجسلیٹو پارٹی (سی ایل پی) کا لیڈر بھی بنایا گیا ہے۔
واقعے سے ایک روز قبل 2 ستمبر کو میگھاچندر سنگھ نے ریاستی اسمبلی میں حکومت سے منی پور میں جاری نسلی کشیدگی اور تشدد کے حوالے سے سوالات کیے تھے۔ اس پر ریاستی وزیر داخلہ کونتھوجام گوونداس سنگھ نے کہا تھا کہ ریاست میں پائیدار امن کے لیے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔وزیر داخلہ نے مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ مختلف برادریوں کے درمیان اعتماد کی کمی دور کرنے اور امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔
