رحیم یار خان میں رکن پور قومی شاہراہ پر باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 باراتی جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کے مطابق حادثہ رکن پور قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کردیا، جبکہ شدید زخمیوں کو بھی فوری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی بتائی جارہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔ انہوں نے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
