دبئی میں جاری ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز منیبہ علی اور شوال ذوالفقار نے کیا، تاہم منیبہ علی 6 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیں، ان کی وکٹ 23 کے مجموعی اسکور پر گری۔
ہانگ کانگ کے خلاف میچ منیبہ علی کا 100واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہے۔ میچ سے قبل خصوصی تقریب میں انہیں 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے پر خصوصی کیپ بھی پیش کی گئی۔
پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور 8 اوورز کے اختتام پر قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنا لیے ہیں۔ شوال ذوالفقار 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ عائشہ ظفر 10 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی دوسری وکٹ گل فیروزہ کی صورت میں گری، جو 3 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔ ہانگ کانگ کی جانب سے اقرا سحر اور کاری چان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے قومی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
