وفاقی حکومت نے اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرانے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں ہورہے، تاہم اکتوبر میں دونوں ایوانوں کے اجلاس ہوں گے، جن میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث کرائی جائے گی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث اور معاملے کو آگے بڑھانے کا اصل فورم پارلیمنٹ ہاؤس ہی ہے، جہاں اس حوالے سے تفصیلی غور کیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے اسلام آباد کو صوبہ بنانے سے متعلق قیاس آرائیوں کی بھی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسلام آباد کو نیا صوبہ نہیں بنایا جا رہا۔ ان کے مطابق اسلام آباد میں صوبائی حیثیت دینے کے بجائے ایک نئے گورننس ماڈل کو اختیار کرنے کی طرف پیش رفت کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں ہے۔
