Baaghi TV

دورانِ پرواز مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،4 سے 5 مسافر جھلس کر زخمی

ile

امریکا میں اٹلانٹا سے ڈیلاس جانے والی امریکن ایئرلائنز کی پرواز میں دورانِ پرواز مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 4 سے 5 مسافر جھلس کر زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکن ایئرلائنز کی پرواز 2398 میں پیش آیا، جو 133 مسافروں اور عملے کے ارکان کو لے کر اٹلانٹا سے ڈیلاس فورٹ ورتھ انٹر نیشنل ایئرپورٹ جارہی تھی،پرواز منزل کے قریب پہنچ رہی تھی کہ طیارے کے پچھلے حصے میں ایک مسافر کے لیپ ٹاپ سے دھواں اٹھنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھڑک اٹھی، واقعے کے باعث طیارے میں دھواں پھیل گیا اور مسافروں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔

فضائی ٹریفک کنٹرول کی آڈیو میں پائلٹ کو یہ کہتے سنا گیا کہ طیارے کے پچھلے حصے میں کیبن میں آگ لگی ہے اور فلائٹ اٹینڈنٹس اسے بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیپ ٹاپ کے مالک نے جلتا ہوا کمپیوٹر راہداری میں رکھ دیا، جبکہ ایک یا دو مسافروں نے اسے سنبھالنے کی کوشش کی، جس کے دوران ان کے ہاتھ جھلس گئے، فلائٹ اٹینڈنٹس نے تقریباً پانچ منٹ کی کوشش کے بعد لیپ ٹاپ کو تھرمل کنٹینمنٹ بیگ میں بند کرکے آگ پر قابو پالیا اور اسے طیارے کے درمیانی حصے میں محفوظ کردیا۔

پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو بتایا کہ تقریباً چار سے پانچ مسافر لیپ ٹاپ کے باعث جھلس گئے ہیں،واقعے کے باوجود طیارے نے ڈیلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کیا، جہاں طبی عملے اور ایمرجنسی ٹیموں نے مسافروں کا معائنہ کیا ایک مسافر کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی،امریکن ایئرلائنز نے طیارے کے عملے کی فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال پر قابو پانے کو سراہا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق رواں سال دورانِ پرواز لیتھیم بیٹری میں آگ لگنے کے 58 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

More posts