Baaghi TV

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، ایئر فرانس کی ریاض، دبئی اور بیروت کے لیے پروازیں معطل

airline

پیرس: مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے باعث فرانس کی قومی فضائی کمپنی ایئر فرانس نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور لبنان کے لیے اپنی متعدد پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایئر فرانس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ریاض کے لیے آنے اور جانے والی تمام پروازیں 25 جولائی تک جبکہ دبئی کے لیے پروازیں 28 جولائی تک معطل رہیں گی۔ اس کے علاوہ بیروت کے لیے فضائی آپریشن کی معطلی میں بھی توسیع کرتے ہوئے اسے 2 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔ بیروت کے لیے پروازیں پہلے ہی یکم مارچ سے معطل ہیں۔فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے پروازوں کی بحالی کا فیصلہ صورتحال کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ ایئر فرانس نے واضح کیا کہ مسافروں اور عملے کی جان و مال کا تحفظ کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر خطے میں مزید لڑاکا طیارے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اس اقدام کے بعد خطے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، جس کے اثرات بین الاقوامی فضائی سفر پر بھی پڑ رہے ہیں۔

ایئر فرانس کے علاوہ امریکہ، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ، سنگاپور اور ہانگ کانگ سمیت کئی ممالک کی بین الاقوامی ایئر لائنز بھی ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے میں جنگی خدشات کے باعث مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل یا محدود کر چکی ہیں۔ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو مزید فضائی کمپنیاں بھی حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی پروازوں کا شیڈول تبدیل یا معطل کر سکتی ہیں، جس سے بین الاقوامی فضائی ٹریفک اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

More posts