آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتوار کے روز نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
برطانوی خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوگیا، 5.13 ڈالر اضافے سے برطانوی خام تیل کی قیمت 95.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی 7 فیصد اضافے کے ساتھ 90.33 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
جمعہ کو یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر آمادہ ہے، جس کے بعد قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، تاہم ہفتے کے روز ایر ان نے اچانک اس اہم راستے کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کر دیا دوسری جانب امریکی بحریہ نے خلیج عمان میں ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ایک ایرانی پرچم بردار مال بردار جہاز پر فائرنگ کرتے ہوئے اسے تحویل میں لے لیا، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
جہازوں کی نقل و حرکت کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اتوار کے روز آبنائے ہرمز سے کوئی آئل ٹینکر نہیں گزرا، جس نے عالمی توانائی منڈیوں میں تشو یش کی لہر دوڑا دی ہے۔
