امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں پیش آنے والے نہایت دلخراش واقعے نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق ایکس پر اپنے ردعمل میں حافظ نعیم نے کہا کہ جو لوگ وفاقی دارالحکومت میں واقع اسپتال کو نہیں سنبھال سکتے وہ پورا ملک کیا سنبھالیں گے؟15 نومولود بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے، ان کے والدین پر قیامت گزر گئی ہے، والدین کا یہ سوال بجا ہے کہ اسپتال انتظامیہ اور عملہ کدھر تھا؟۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ درحقیقت پی ڈی ایم حکومت اور اتحادی جماعتوں کی کارکردگی بدترین ہے، وفاقی حکومت اور اس کے وزراء و ماتحت بیورو کریسی کی نااہلی انتہا کو چھو رہی ہے، صوبائی حکومتوں کا بھی یہی معاملہ ہے،چالیس پچاس سال سے یہی جماعتیں حکومت کررہی ہیں مگر یہ معیشت، قیام امن، تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکے ہیں، ان کے گڈ گورننس کے نعرے دفن ہوگئے۔
