برطانیہ میں غیر معمولی گرمی کی لہر نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بینک ہالیڈے ویک اینڈ کے دوران درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو مئی کے مہینے کا نیا تاریخی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ، اتوار اور پیر کے روز درجہ حرارت مسلسل بڑھنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق ہفتہ کو 30 ڈگری، اتوار کو 32 ڈگری جبکہ پیر کو 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ سب سے زیادہ گرمی جنوبی اور جنوب مشرقی انگلینڈ میں متوقع ہے۔ماہرین کے مطابق اگر درجہ حرارت 33 ڈگری تک پہنچ گیا تو یہ مئی کے مہینے میں اب تک کا سب سے گرم دن ہوگا۔ اس سے قبل مئی میں سب سے زیادہ 32.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت 1922 اور 1944 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔
شدید گرمی کے باعث برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے متعدد علاقوں میں “ایمبر ہیٹ الرٹ” جاری کر دیا ہے۔ ان علاقوں میں لندن،ایسٹ مڈلینڈز،ویسٹ مڈلینڈز،ایسٹ آف انگلینڈ،ساؤتھ ایسٹ شامل ہیں، جبکہ باقی انگلینڈ کے لیے یلو الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔کینسر ریسرچ یو کے کی چیف ایگزیکٹو مشیل مچل نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں نکلتے وقت سن اسکرین کا استعمال کریں، سایہ دار مقامات پر رہیں اور جسم کو ڈھانپ کر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اگر جلد پر کسی نئے تل، زخم یا غیر معمولی تبدیلی کا مشاہدہ ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے کیونکہ جلد تشخیص جان بچا سکتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران حد سے زیادہ پانی پینا بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہر موسمیات کلوئی بریمی کومب کے مطابق بہت زیادہ پانی پینے سے جسم میں ضروری نمکیات کم ہو سکتے ہیں، جس سے “ہائپونیٹریمیا” نامی خطرناک کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ماہرین نے روزانہ ڈیڑھ سے دو لیٹر پانی پینے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ پانی وقفے وقفے سے پیا جائے۔
محکمہ موسمیات نے ساحلوں کا رخ کرنے والے افراد کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگرچہ فضا گرم ہے لیکن سمندر کا پانی اب بھی کافی ٹھنڈا ہے، جس سے اچانک جسم کو جھٹکا لگ سکتا ہے اور طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔برطانوی محکمہ موسمیات نے اپنی حالیہ تحقیق میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث مئی میں ریکارڈ توڑ گرمی کے امکانات پہلے کے مقابلے میں تین گنا بڑھ چکے ہیں۔تحقیق کے مطابق جو درجہ حرارت کبھی 100 سال میں ایک بار ریکارڈ ہوتا تھا، اب اس کے ہر 33 سال بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
جمعہ کے روز کیمبرج، ہیتھرو اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو 2026 کا اب تک کا گرم ترین دن قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب ہزاروں شہری پارکس، ساحلوں اور سیاحتی مقامات کا رخ کرتے نظر آئے جبکہ لندن کے مشہور گرین پارک اور ساؤتھ اینڈ آن سی کے ساحلوں پر غیر معمولی رش دیکھا گیا۔
