امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے بعد پاکستان کے سفارتی کردار کو سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں بھرپور توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ اس پیش رفت کے تناظر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں مختلف ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئے ہیں، جہاں متعدد صارفین نے ان کے لیے نوبل امن انعام دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے قیام میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو نمایاں قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
ایکس پر متعدد صارفین نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملٹری ڈپلومیسی کو سراہتے ہوئے انہیں عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیت قرار دیا۔ بعض صارفین نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ اگر اس معاہدے نے ایک ممکنہ بڑے تنازع کو روکنے میں مدد دی ہے تو اس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی ہونا چاہیے۔
صارفین کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کاوشوں کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ کئی پوسٹس میں کہا گیا کہ پاکستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے۔
اس حوالے سے بعض بھارتی تجزیہ کاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی آراء بھی زیر بحث رہیں۔ مختلف تبصروں میں پاکستان کے سفارتی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ حالیہ پیش رفت نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق اگرچہ امن معاہدوں کی کامیابی کا اصل پیمانہ ان پر عملدرآمد اور دیرپا نتائج ہوتے ہیں، تاہم ایسے مواقع پر ثالثی اور مذاکراتی کوششیں بین الاقوامی تعلقات میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے امکانات کو محدود کرنے کے لیے سفارت کاری ہمیشہ ایک مؤثر راستہ سمجھی جاتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ پیش رفت نے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر عالمی سفارتی مباحث کا حصہ بنا دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر جاری بحث اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عوامی سطح پر بھی اس معاملے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
امریکا ایران امن معاہدہ، عاصم منیر کیلئے نوبل امن انعام کا مطالبہ ٹاپ ٹرینڈ
