Baaghi TV

چین کا امریکا اور ایران کے مابین معاہدے کا خیرمقدم،پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف

pak china

چین نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدےکا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیشرفت میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو مثبت پیش رفت سمجھتا ہے،پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتتے ہوئے چینی ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک طے شدہ شیڈول کے مطابق معاہدے پر دستخط کریں گے۔

لن جیان نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ تمام متعلقہ فریق امن کے راستے پر کاربند رہیں گے اور اپنے اختلافات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کریں گے،انہوں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی اور سیاسی ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا، چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کی جلد بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

چینی ترجمان نے کہا کہ چین ہمیشہ سے سیاسی مکالمے اور پرامن مذاکرات کو تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کا مؤثر ترین ذریعہ قرار دیتا آیا ہے،امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت نہ صرف علاقائی کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے بلکہ وسیع تر استحکام اور امن کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا کرے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کے سفارتی کردار کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملنا اس کی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts