Baaghi TV

گوادر پورٹ پر پہلی بار تجارتی بنکرنگ سروس کا آغاز

karachi

گوادر پورٹ نے کئی دہائیوں بعد پہلی مرتبہ کامیاب تجارتی جہازی ایندھن (بنکرنگ) آپریشن مکمل کر لیا، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے بین الاقوامی معیار کی میرین فیول سروسز فراہم کرنے والے ممالک کی صف میں شمولیت اختیار کر لی۔

جولائی 2026 میں گوادر پورٹ نے پاکستان کی تاریخ کا پہلا کامیاب تجارتی جہازی ایندھن (Ship Bunkering) آپریشن مکمل کرتے ہوئے ملکی بحری شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا، اس آپریشن کے دوران گوادر پورٹ سے ایل این جی بردار جہاز ’اینوگو‘ کو بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے معیار کے مطابق تیار کردہ 2,500 میٹرک ٹن ویری لو سلفر فیول آئل فراہم کیا گیا۔

یہ ایندھن پاکستان کی نجی توانائی کمپنی سینیرجیکو پی کے لمیٹڈ نے تیار کیا، جس سے پاکستان کی عالمی معیار کی میرین فیول سروسز فراہم کرنے کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ ہوا،یہ کامیابی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فلیگ شپ منصوبے گوادر پورٹ کی ترقی میں ایک اہم پیشرفت قرار دی جا ر ہی ہے، جس کے بعد گوادر محض ایک بندرگاہ نہیں بلکہ مکمل بحری، تجارتی، لاجسٹک اور توانائی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس اقدام سے گوادر پورٹ کی خطے میں اسٹریٹجک اہمیت مزید بڑھے گی اور پاکستان علاقائی تجارت، ٹرانزٹ اور لاجسٹکس کے ایک مؤثر گیٹ وے کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے گا، تجارتی بنکرنگ سروس کے آغاز سے بین الاقوامی بحری جہازوں کی گوادر آمد میں اضافہ متوقع ہے، جس سے بندرگاہ کی آمدنی بڑھے گی، قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی بحری تجارت اور علاقائی توانائی سپلائی چین میں کردار مزید مستحکم ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گوادر پورٹ پر بین الاقوامی معیار کی ایندھن فراہمی کی سہولت دستیاب ہونے سے عالمی شپنگ کمپنیاں اس بندرگاہ کو ترجیح دے سکیں گی، جس سے پاکستان کی بحری مسابقت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور گوادر پورٹ کو خطے کے اہم میری ٹائم اور لاجسٹک مرکز میں تبدیل کرنے کے حکومتی وژن کو عملی تقویت ملے گی۔

More posts