سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہا پسندی کے بورڈ آف گورنرز کا چوتھا اجلاس صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ہوا، جس میں انتہا پسندی کے تدارک اور ادارے کی کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارہ، چیف کوآرڈی نیشن آفیسر غلام صغیر شاہد، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ خزانہ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سینٹر آف ایکسیلینس کے افسران نے انتہا پسندی کے خاتمے اور اس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ اور اساتذہ کو انتہا پسندی کے منفی اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی سیمینارز منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
بورڈ آف گورنرز نے سینٹر کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور تیسرے اجلاس کے منٹس کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سینٹر آف ایکسیلینس کے رولز کی تیاری، کمیونیکیشن اسٹریٹیجی اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اسی موقع پر خواجہ سلمان رفیق اور دیگر افسران نے سینٹر آف ایکسیلینس کے ہیڈ آفس اور ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا۔
