Baaghi TV

تخت پر بیٹھنے والا دنیا کا کم عمر ترین بادشاہ انتقال کرگیا

یوگنڈا میں دنیا کے کم عمر ترین بادشاہ اویو نمبا کبمبا اگورو رُکیدی چہارم 34 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کی وفات کی اطلاع یوگنڈا کی وزیراعظم نے دی، تاہم تورو سلطنت کی جانب سے موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا کی حکومت کے ایک وزیر نے بتایا کہ بادشاہ اویو شدید بیمار تھے اور امریکا میں زیر علاج تھے۔

بادشاہ اویو نے اپنے والد کی وفات کے بعد 1995 میں صرف 3 سال کی عمر میں مغربی یوگنڈا کی تورو سلطنت کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ کم عمری میں تخت نشین ہونے کے باعث انہیں عالمی شہرت ملی اور گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں دنیا کا کم عمر ترین بادشاہ قرار دیا۔

بادشاہ اویو تورو سلطنت کے 13ویں بادشاہ تھے اور 20 لاکھ سے زائد افراد کی روایتی قیادت کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ تورو کی ثقافتی شناخت اور روایتی نظام کی نمائندگی میں گزارا۔

یوگنڈا میں اگرچہ حکومت منتخب صدر کے ذریعے چلائی جاتی ہے، تاہم ملک میں کئی روایتی سلطنتیں اب بھی موجود ہیں۔ ان کے پاس سیاسی اختیارات نہیں لیکن ثقافتی اور سماجی سطح پر نمایاں اثر و رسوخ حاصل ہے۔بادشاہ اویو کے انتقال پر یوگنڈا میں سوگ کی فضا ہے۔

More posts