راولپنڈی: سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا،انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
