کینیڈا میں مقیم پاکستانی PUBG Mobile یوٹیوبر اور معروف کنٹینٹ کریئیٹر فاروق احمد 39 سال کی عمر میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ ان کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہ بھی پھیل گئی کہ PUBG گیم کے مالک یا بانی کا انتقال ہوگیا ہے، تاہم یہ دعویٰ غلط ہے۔
فاروق احمد کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر کیلگری میں مقیم تھے۔ کینیڈین پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز وہ موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ایک ایسی سڑک پر سفر کر رہے تھے جہاں رفتار کی حد 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر تھی۔ رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکل کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی، جس کے باعث وہ قابو کھو بیٹھے اور شدید حادثے کا شکار ہوگئے۔
فاروق احمد گیمنگ کی دنیا میں ایک معروف نام تھے اور PUBG Mobile کے آفیشل پارٹنر اور کینیڈین ایمبیسیڈر کے طور پر بھی وابستہ رہے۔ وہ باقاعدگی سے PUBG Mobile کی گیم پلے ویڈیوز، لائیو اسٹریمز اور گیم کی نایاب اشیا سے متعلق مواد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرتے تھے۔
وہ Farooq Ahmad YT کے نام سے یوٹیوب چینل چلاتے تھے، جہاں ان کے 9 لاکھ 25 ہزار سے زائد سبسکرائبرز موجود تھے، جبکہ انسٹاگرام پر بھی ان کے تقریباً 85 ہزار فالوورز تھے۔ وہ خاص طور پر PUBG کے نایاب اور مہنگے اکاؤنٹس، بڑی UC خریداری اور ہتھیاروں کی اپ گریڈیشن سے متعلق ویڈیوز کے باعث مشہور تھے۔
ان کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ’’PUBG Creator‘‘ کی اصطلاح کو غلط سمجھتے ہوئے بعض صارفین نے یہ تاثر دیا کہ گیم کے خالق یا مالک کا انتقال ہوگیا ہے۔ حقیقت میں Content Creator سے مراد گیم سے متعلق ویڈیوز اور دیگر مواد بنانے والا شخص ہے۔ فاروق احمد PUBG کے بانی یا مالک نہیں تھے بلکہ اس گیم کے ایک معروف کھلاڑی اور کنٹینٹ کریئیٹر تھے۔
PUBG Mobile نے بھی ایکس پر فاروق احمد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ PUBG Mobile کمیونٹی نے اپنے ایک عزیز کو کھو دیا ہے۔ کمپنی نے ان کی کمیونٹی کے لیے خدمات، جذبے اور ناقابل فراموش لمحات کو یاد کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ، دوستوں اور مداحوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
فاروق احمد کے انتقال کی خبر نے پاکستان اور بیرونِ ملک موجود PUBG گیمنگ کمیونٹی کو سوگوار کردیا ہے۔
