عید میلادالنبیﷺ کے مبارک موقع پر ملک بھر میں دن کا آغاز پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی کے ساتھ کیا گیا۔
عید میلاد النبی ﷺ کا دن آج ملک بھر میں انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اس پرمسرت موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا پاک فوج کے دستوں نے وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں پاک فوج کے دستوں نے توپوں کی سلامی پیش کی،اس موقع پر فضا اللہ اکبر اور درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھی،دوسری جانب آج عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات، مجالس اور ریلیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں گلیوں، بازاروں اور بڑی شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں اور دلکش برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے جس سے شہروں کا منظر انتہائی پرکشش اور روحانی کیفیت پیدا کرنے والا معلوم ہوتا ہے۔
کئی مقامات پر عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے خصوصی آرائشی دروازے اور محرابیں نصب کی گئی ہیں۔ ہر سو درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں اور عقیدت مندوں کی جانب سے خصوصی محفلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لوگوں نے اپنے گھروں کی چھتوں پر بھی سبز پرچم لہرا کر محبت کا اظہار کیا ہے۔
