Baaghi TV

فواد چوہدری کا پی سی بی اور بابر اعظم کو مشورہ، ’میچ نہیں بچتا تو عزت بچا لیں‘

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مشورہ دیا ہے کہ میچ بچانا مشکل ہے تو کم از کم عزت بچانے کی کوشش کی جائے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں فواد چودھری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس کے لیے دو راستے ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق پی سی بی اسکائی اسپورٹس سے ناراضی کا اعلان کرتے ہوئے کہہ سکتا ہے کہ ’’جاؤ، ہم نہیں کھیلتے۔‘‘

فواد چودھری نے دوسرا راستہ بتاتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم یہ مؤقف اختیار کریں کہ سابق کپتان عمران خان کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے، اسکائی اسپورٹس پر ان کے بیٹوں کے انٹرویو سے اس معاملے پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، اس لیے ’’جاؤ، ہم نہیں کھیلتے۔‘‘

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز اسکائی اسپورٹس پر عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر ہونے پر باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق انٹرویو میں عمران خان کے بیٹوں نے اپنے والد کے ساتھ جیل میں مبینہ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

قاسم خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو زیادہ سے زیادہ عرصے تک قید میں رکھنے اور ان کی آواز خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران خان کے وکلا بھی جیل میں ان کے حالات کو سنگین قرار دے چکے ہیں، جبکہ ان کی بہن کی جانب سے دورانِ قید مبینہ تشدد کا دعویٰ بھی سامنے آچکا ہے۔

More posts