فرانس نے اخراجات میں کمی کی عالمی پالیسی کے تحت کراچی میں قائم اپنے قونصل خانے کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق یہ فیصلہ صرف بجٹ میں کمی اور سفارتی اخراجات محدود کرنے کی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
کراچی میں یومِ آزادیٔ فرانس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانس کے قونصل جنرل الیکسس شاٹاہٹنسکی نے کہا کہ قونصل خانے کی بندش فرانس کی عالمی سطح پر سفارتی اخراجات کم کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مقصد صرف انتظامی اور مالی اخراجات میں کمی لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کی بندش کے باوجود پاکستان اور فرانس کے درمیان سفارتی تعلقات پہلے کی طرح مضبوط رہیں گے۔ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سفارتی امور بنیادی طور پر اسلام آباد میں قائم فرانسیسی سفارت خانے کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
قونصل جنرل کے مطابق فرانس کراچی میں اپنی موجودگی مکمل طور پر ختم نہیں کر رہا بلکہ شہر میں تین اہم اداروں کے ذریعے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ اعزازی قونصل جنرل قونصلر خدمات اور سندھ حکومت سمیت صوبائی اداروں کے ساتھ رابطے برقرار رکھیں گے، جبکہ پاکستان فرانس بزنس الائنس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعاون کو فروغ دیتا رہے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ الائنس فرانسیز کراچی فرانسیسی زبان، ثقافت اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کا سلسلہ بھی بدستور جاری رکھے گا، تاکہ عوامی سطح پر دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
الیکسس شاٹاہٹنسکی نے کراچی کو پاکستان کا اہم تجارتی اور معاشی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی اہمیت مستقبل میں بھی برقرار رہے گی اور فرانسیسی ادارے مختلف شعبوں میں تعاون اور روابط کو فروغ دیتے رہیں گے۔
فرانس کا کراچی میں قونصل خانہ مستقل بند کرنے کا فیصلہ
