Baaghi TV


حکومت ہر قسم کے سیاسی مذاکرات کے لیے تیار، وزیراعظم کی پیشکش قبول کی جائے، رانا ثنا اللہ

rana sana

‎اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کا حل صرف مذاکرات اور باہمی مشاورت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیش کیا گیا میثاقِ استحکام پاکستان کا تصور آج بھی موجود ہے اور حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہر سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
‎میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوری نظام میں مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے تمام سیاسی قوتوں کو میثاقِ استحکام پاکستان کی دعوت دی تھی اور یہ پیشکش اب بھی برقرار ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرے تاکہ قومی مسائل کا حل اتفاق رائے سے نکالا جا سکے۔
‎انہوں نے بتایا کہ سیاسی مذاکرات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ پارٹی کے اندر اس معاملے پر مشاورت جاری ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی کہا ہے کہ باہمی مشورے کے بعد حکومت کو اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گی۔
‎رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حالیہ قومی اور علاقائی معاملات میں اہم کردار ادا کیا، جس پر اپوزیشن نے بھی مثبت رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسی جذبے کے ساتھ سیاسی جماعتوں کو مشاورت کی دعوت دے رہی ہے تاکہ اہم قومی معاملات پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
‎انہوں نے فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس چھوٹ کے معاملے پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے یہ مسئلہ وزیراعظم کے سامنے اٹھایا تھا، جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی وفد نے متعلقہ فریقین سے ملاقات کی۔ ان کے مطابق وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے پر آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے گی تاکہ ٹیکس سے متعلق مسائل کا قابل قبول حل نکالا جا سکے اور ممکن ہو تو ٹیکس چھوٹ میں توسیع حاصل کی جائے۔
‎رانا ثنا اللہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر مولانا کو کسی معاملے پر خدشات ہیں تو حکومت انہیں دور کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، تاہم یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔

More posts