لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے بعد اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے سخت اور اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے لبنان کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک افسر سمیت چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے، جس کے بعد بن گویر نے سوشل میڈیا اور میڈیا سے گفتگو میں سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
اسرائیلی وزیر نے کہا کہ اسرائیل کو دنیا کے سامنے واضح کرنا چاہیے کہ اس کے شہریوں کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پورے لبنان کو جلا دینا چاہیے” اور ہر اسرائیلی ماں کے آنسوؤں کے بدلے ہزاروں لبنانی ماؤں کو رونا چاہیے۔
بن گویر نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں خطے میں سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے اور اسرائیل کو فوری طور پر مزید سخت اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
ان کے اس بیان نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کے ماحول میں مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس قسم کے بیانات نہ صرف کشیدگی میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ سفارتی کوششوں اور جنگ بندی کی امیدوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحدی علاقوں میں حالیہ دنوں جھڑپوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث خطے کی سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر کا اشتعال انگیز بیان، پورے لبنان کو جلا دینے کی دھمکی
