بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالا نے نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کے لیے لوگوں سے آگے بڑھنے کی اپیل کی ہے۔
کھٹمنڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیشا کوئرالا نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت نے انہیں نیپال میں کئی سال قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات اور انسانی تکلیف کی شدت کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے پہلے متاثرین کے لیے دعا کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو مصیبت میں دیکھنا واقعی دل دہلا دینے والا منظر ہے۔
منیشا نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تصاویر اور وہاں سے سامنے آنے والی کہانیاں انتہائی تشویشناک ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے اس سے قبل قدرتی آفت کی ایسی شدت نہیں دیکھی، اس لیے سب کو چاہیے کہ دعا کے ساتھ ساتھ متاثرین کی عملی مدد کے لیے بھی آگے بڑھیں۔
نیپال سے تعلق رکھنے والی منیشا کوئرالا وہیں پیدا ہوئی تھیں، جبکہ ان کے دادا بشویشور پرساد کوئرالا نیپال کے پہلے منتخب وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب انوپم کھیر، سنیل شیٹی، سونو سود، سنجے دت سمیت بالی ووڈ کی دیگر شخصیات نے بھی نیپال میں سیلاب کی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اداکار سونو سود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’نیپال، آپ اکیلے نہیں ہیں، ہم خوراک، پناہ اور تعمیر نو میں مدد کے لیے آ رہے ہیں۔‘‘
