Baaghi TV

بھارت؛ دو سال سے ناقص موبائل سگنل، تنگ آکر دیہاتیوں نے ٹیلی کام ٹیکنیشن کو ٹاور سے باندھ دیا

بھارت کے شہر فتح پور کے ایک گاؤں میں ناقص موبائل نیٹ ورک سے تنگ آ کر مقامی افراد نے مبینہ طور پر ٹیلی کام کمپنی کے ٹیکنیشن کو موبائل ٹاور سے باندھ دیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شام فتح پور ضلع کے ہرداولی گاؤں میں پیش آیا، جہاں گزشتہ دو سال سے موبائل نیٹ ورک کی خراب سروس کے باعث شہری مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ مشتعل دیہاتیوں نے ٹیلی کام کمپنی کے ٹیکنیشن آدتیہ بھان سنگھ کو تقریباً 2 گھنٹے تک موبائل ٹاور سے باندھے رکھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی ڈائل 112 ٹیم موقع پر پہنچی اور ٹیکنیشن کو آزاد کرایا۔ ٹیکنیشن کی شکایت پر بندکی پولیس نے نامعلوم دیہاتیوں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 127(2) کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ فتح پور کے ایس پی ابھیمنیو منگلک کے مطابق پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے 5 افراد کو حراست میں لیا ہے۔

پولیس کے مطابق آدتیہ بھان سنگھ، جو اونگ علاقے کے بسوان پور کا رہائشی ہے، جمعرات کی شام موبائل ٹاور کی بجلی کی فراہمی کا معائنہ کرنے ہرداولی گاؤں گیا تھا۔ اس دوران چند دیہاتیوں نے مسلسل خراب نیٹ ورک کے معاملے پر اسے گھیر لیا اور تلخ کلامی ہوگئی۔

ٹیکنیشن نے الزام عائد کیا کہ ایک دیہاتی نے دیگر افراد کو اسے قابو میں رکھنے اور ٹاور سے باندھنے پر اکسایا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آچکی ہے۔

دوسری جانب دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ ناقص موبائل کنیکٹیویٹی کے باعث فون کالز، انٹرنیٹ اور دیگر آن لائن سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، جس سے انہیں نہ صرف پریشانی بلکہ مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگے ری چارج پیکجز خریدنے کے باوجود انہیں مناسب نیٹ ورک سروس فراہم نہیں کی جا رہی۔

تاہم ذرائع کے مطابق ٹیکنیشن نے خود بھی دیہاتیوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اسے روک لیں تاکہ ان کی شکایات کمپنی کے اعلیٰ حکام تک پہنچائی جا سکیں۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق ایک نجی ٹیلی کام کمپنی نے تقریباً 2 سال قبل ہرداولی گاؤں میں موبائل ٹاور نصب کیا تھا۔ اس وقت انہیں امید تھی کہ طویل عرصے سے جاری موبائل نیٹ ورک کا مسئلہ حل ہوجائے گا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ٹاور کی تنصیب کے باوجود علاقے میں نیٹ ورک کی خراب صورتحال برقرار ہے۔

More posts